حکومت اقلیتوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے،فرخ حبیب

فیصل آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اورمسیحی برادری میں سے پڑھے لکھے لوگوں کا آگے آنا ان کی ترقی کا غماز ہے جبکہ سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اوروزیر اعظم اور ہم چاہتے ہیں کہ مسیحی برادری کو برابری کی بنیاد پرحقوق دیئے جائیں اسلئے ہم سب کی کوششیں پاکستان کی مضبوطی و ترقی کیلئے ہونی چاہئیں نیزحکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معیشت کی ترقی شروع ہوگئی ہے لہٰذا اب نوجوانوں کیلئے شروع کئے گئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت15 جون کے بعد بغیر گارنٹی5سے 20 لاکھ تک سرمایہ فراہم کیا جائے گااورپنجاب میں 31 دسمبر تک ہر خاندان کو انصاف صحت کارڈ بھی ملے گاجس سے سالانہ 10 لاکھ تک علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔

اتوار کی دوپہر پریسبیٹرین چرچ آف پاکستان نواباں والا چوک سمن آباد بینک موڑ فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناظم آباد میں چرچ اور مسجد ساتھ ساتھ ہیں جوبین المذاہب ہم آہنگی اور امن کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ چونکہ پاکستان نے ہم سب کو عزت دی ہے اورہمیں یہاں اپنے اپنے مذاہب کے مطابق ہرقسم کی آزادی حاصل ہے اسلئے ہمیں پاکستان کے استحکام،اس کی ترقی اور مضبوطی کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ فلسطین میں مسلمانوں کے ساتھ مسیحی برادری بھی اسی طرح آباد ہے لہٰذا سب کو مل کر فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی کیونکہ کسی پر ظلم و بربریت کی کوئی مذہب اجازت نہیں دیتانیز جس طرح فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیاوہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت بھی کشمیریوں کی حق تلفی کررہا ہے جس کیلئے عالم اقوام کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔

فرخ حبیب نے کہاکہ حکومت کی مسلسل جدوجہد اور گزشتہ 3سالہ اقدامات کے نتیجہ میں اب معاشی اعشاریئے بہت بہتر ہوگئے ہیں اور نہ صرف معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے بلکہ صنعت کا پہیہ بھی پوری گنجائش کے ساتھ چل رہا ہے یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد میں جہاں ایک وقت میں پاور لومز بند ہو گئی تھیں اور یہ پاورلومز ٹماٹر سے بھی کم نرخوں پر سکریپ میں فروخت کی جارہی تھیں اب نہ صرف وہی لومیں دوبارہ چل پڑی ہیں بلکہ بند فیکٹریاں چلنے سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں ساڑھے13فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب بہت جلد ہم نے نوکریاں مانگنے والا نہیں بلکہ ملازمتیں دینے والا بننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم و تربیت اور ہنر کے دروازے کھلے ہیں کیونکہ اب ہمیں بہت بڑی تعداد میں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے اسلئے نوجوان ہنرسیکھنے کی طرف توجہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایسے نوجوانوں جن کے پاس آئیڈیاز تو ہیں مگر سرمایہ نہیں ان کیلئے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت 15 جون کے بعد انہیں بغیرگارنٹی 5 سے 20 لاکھ تک سرمایہ فراہم کیا جائے گااسی طرح عوام کی سہولت کیلئے حکومت ہیلتھ کارڈ لیکر آ رہی ہے جس کے ذریعے ریاست نے عوام کے علاج کی ذمہ داری اٹھائی ہے اور اس پروگرام کے تحت پنجاب میں 31 دسمبر 2021 تک ہر خاندان کو انصاف صحت کارڈ مل جائے گاجس سے انہیں سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت میسر ہوگی اور مہلک بیماریوں میں مبتلا ہونے والے اپنی مرضی کے ہسپتال اور مرضی کے ڈاکٹر سے علاج معالجہ کرواسکیں گے اور کوئی شخص اب بغیر علاج کے نہیں مرے گا۔ انہوں نے کہاکہ خیر پختونخواہ میں تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈز دے دیئے گئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اب کم آمدن والے افراد کیلئے اپنے گھر کا خواب بھی پورا ہوگاکیونکہ حکومت کم آمدن والوں کو گھر بنا کر دے رہی ہے اور گھر کی تعمیر کیلئے آسان اقساط پر قرض بھی دیئے جا رہے ہیں لہٰذا جس طرح آپ کرایہ ادا کر رہے ہیں ویسے ہی قرض کی واپسی ہو گی مگر گھر آپ کا اپنا ہوگااور آج سے 10 بیس سال بعد اسی گھر کی قیمت کروڑوں میں ہو گی۔

فرخ حبیب نے کہاکہ حکومت احساس پروگرام کے تحت 50 ہزار سکالر شپ دے رہی ہے تاکہ جو ذہین طلبا بھاری فیسیں نہ ہونے کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کرسکتے وہ اب اپنے خوابوں کو عملی تعبیر دے سکیں گے جبکہ یہ سہولت 45ہزار روپے سے کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قبل زیں معمولی آمدن والا دو تین بچوں کو اعلیٰ تعلیم نہیں دلوا سکتاتھا لیکن اب اس کیلئے کوئی مشکل نہیں ہوگی۔وزیرمملکت نے کہاکہ ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا تھاجن سے آہستہ آہستہ نکلا جارہا ہے لیکن مہنگائی کا مسئلہ بہت اہم ہے جس سے ہربندہ متاثر ہے لیکن اب مہنگائی کنٹرول کرنے میں ہماری طرف سے کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ خوردنی تیل پاکستان میں پیدا نہیں ہوتااسلئے ہمیں وہ درآمد کرنا پڑتا ہے اور چونکہ درآمد ڈالرز میں ہوتی ہے اسلئے ڈالر کا ریٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے لیکن اب ہم خوردنی تیل کی ملکی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سبزیاں گنا اور دیگر اجناس پاکستان میں پیدا ہوتی ہیں اسلئے ان کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کابوجھ عوام پر پڑنے سے وزیر اعظم کو دکھ ہوتا ہے لیکن دالوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 70 فیصد دالیں بیرون ملک سے آتی ہیں پھر بھی ہم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں تاکہ وہ ناجائز منافع خوری نہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ چینی کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں اور اس بار گنے کا ریٹ بہتر ملنے پر کسان اپنی آمدنی میں اضافہ سے خوش ہیں لہٰذا جب کسان بھی اپنی کمائی ہوئی رقم شہر میں لا کر خرچ کرے گا تو آپ کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی گروتھ 4 فیصد تک ہے جس سے انشااللہ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے اور کامیاب لوگوں کو آگے لایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ آپ کا وزیر اعظم بیرون ملک سستے دورے کر رہا ہے اور سابق حکمرانوں کی طرح عیاشی میں رقم نہیں خرچ کرتایہی وجہ ہے کہ اوورسیز پاکستانی بھی دل کھول کر ترسیلات زر پاکستان بھیج رہے ہیں جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ عوام کو خوشخبری سنانا چاہتے ہیں کہ آنے والے دونوں سال بھرپور ریلیف کے سال ہونگے جن میں عوام کو براہ راست فائدہ پہنچایاجائے گا نیز آئندہ ماہ پیش ہونے والا نئے مالی سال کا بجٹ بھی بزنس وعوام فرینڈلی ہوگا۔ قبل ازیں چرچ پہنچنے پر ماڈریٹر و چیئرمین پریسبیٹرین چرچ آف پاکستان ریورنڈ ڈاکٹر الطاف خان نے وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر ریورنڈ افضل عمرحیات،اقلیتی رہنما حبقوق گل،غلام اکبر جعفری، الیاس اشرف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب میں مسیحی برادری کی خواتین، بچوں،بزرگوں،نوجوانوں سمیت پی ٹی آئی مینارٹی ونگ انصاف گروپ کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر چرچ میں دعائیہ تقریب کابھی اہتمام کیا گیا۔