حکومت انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کیلئے پرعزم ہے ،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کیلئے پرعزم ہے جس کیلئے مختلف شعبوں میں قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ رائٹس موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ …

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کیلئے پرعزم ہے جس کیلئے مختلف شعبوں میں قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ رائٹس موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں قانون سازی کے آغاز کے علاوہ وزارت انسانی حقوق موجودہ قوانین پر بلاروک ٹوک عملدرآمد کیلئے طریقہ کار طے کرنے پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال بالخصوص بچوں کے تحفظ پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے عوام میں شعور بیدار اور سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں کی سوچ کو تبدیل ہونا چاہئے، یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی سائنس اور انسانی حقوق کے موضوعات کو قومی نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ وفد کو بتایا گیا کہ وزارت انسانی حقوق مختلف آگاہی کی مہمات کا آغاز کر رہی ہے، اختیارات کی منتقلی کے ساتھ صوبوں کو بہت سے مسائل درپیش ہیں جس کیلئے وفاقی حکومت براہ راست انہیں شامل نہیں کر سکتی لیکن اسلام آباد کو ہم نے محور بنا رکھا ہے تاکہ اسے ملک کی دیگر اکائیوں کے لئے بھی نافذ العمل بنایا جا سکے۔ وفد نے حقوق اطفال، آگاہی اور تحفظ کیلئے کام کرنے والے مختلف فورمز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ وزارت انسانی حقوق کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر رسائی اور عملدرآمد کیلئے موجودہ نیٹ ورک کو بروئے کار لایا جائے گا۔