فیصل آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج سمیت تمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، اپوزیشن صدارتی الیکشن، چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم ا عتماد اور تمام پارلیمانی محاذوں پر ناکامی کے بعد چیخ و پکار کر رہی ہے تا کہ انہیں این آر او مل جائے ۔ وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ وہ اقتدار تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن وہ پاکستان کو لوٹنے والے کسی شخص کو این آر او نہیں دیں گے ۔ وہ فیصل آبا د کے ریلوے اسٹیشن پر پریس کانفرنس کر رہے تھے ،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوںنے کہا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات ہے ۔ اپوزیشن کے تمام رہنمائوں کی آرمی چیف سے ون ٹو ون ملاقات ہوئی ، اگر کوئی یہ کہے کہ نہیں ہوئی تو میرا اسے چیلنج ہے کہ میں اس کی ملاقات کا دن اور وقت بھی بتا دوں گا ۔ میرا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمن بھی آرمی چیف سے ون ٹو ون ملاقات کر چکے ہیں ،میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر اتنا اودھم مچایا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے اے پی سی میں تقریر کر کے اپنی سیاسی قبر کھود لی ہے ، ضیا الحق کی گود میں پل کر جوان ہونے والا نواز شریف آج اپنی فوج کو آنکھیں دکھا رہا ہے ۔ نواز شریف نرنیدر مودی ، جندال اور را کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی کے درپے ہے جبکہ پاکستانی فوج قومی سلامتی کا ضامن ادارہ ہے جس نے بھاشا ،نیلم ڈیم ، کورونا اور ٹڈی دل سمیت ملک کو درپیش تمام خطرات کی روک تھام کیلئے حکومت کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جما عتوں کے رہنماء قوم کو بہکا نا چاہتے ہیں ، ان کے 16 ہزار ملازم کے اکائونٹس سے اربوں روپے نکلتے ہیں ۔ اپوزیشن نہ استعفے دے گی ، نہ دھرنے دے گی اور نہ ہی تحریک عدم اعتماد لائے گی ، اگر ان میں ہمت ہے تو استعفے دیں ہم ان سیٹوں پر نئے الیکشن کرائیں گے۔ مریم بی بی بھی 10 ماہ ٹویٹر پر اس وجہ سے خاموش رہی کہ شاید ہماری جان بچ جائے، جب انہیں یقین ہو گیا کہ ہمارے خلاف کرپشن کے کیسز میں کاروائی ہوگی انہوںنے شور مچانا شروع کر دیا ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی سندہ سے کبھی استعفے نہیں دے گی اگر انہوں نے ایسا کیا تو سندھ سے فارغ ہو جائیں گے ، سندہ میں حالیہ آنے والی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان پاکستان اور اس کی عوام سے مخلص ہیں وہ ملک اور عوام کی زندگی میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں اس لیے تمام اپوزیشن جماعتیں ان کے خلاف یک زبان ہو گئی ہیں کیونکہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان اور اس کی عوام خوشحال ہو ۔ اس موقع پر شیخ رشید نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر تیزئین و و آرائش کیلئے 2 کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا ۔ قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاںفرخ حبیب نے شیخ رشید کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی شبانہ روز محنت سے ایم ایل ون کے منصو بے پر کام کا آغاز ہوگا، یہ منصوبہ شیخ رشید کا خواب تھا ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں ایم ایل ون کے ٹریک پر ریل 160 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی وہیں حادثات میں کمی آئے گی اور ریلوے کو نیا انفرا سٹرکچر ملنے سے دنیا میں رائج شدہ جدید نظام سے پاکستان کے لوگ بھی مستفید ہو سکیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ وز یر اعظم عمران خان بھی ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اپوزیشن خود اپنی اپوزیشن ہے ، یہ سب ٹی ٹی اور فالودے والے ہیں اور ان کی سب کی جگہ جیل ہے۔