حکومت اپوزیشن رہنمائوں کے استعفوں سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہے، شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپنا معمول کی تبدیلی ہے، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار

68
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ استعفے دینا کوئی آسان کام نہیں ہے، حکومت اپوزیشن رہنمائوں کے استعفوں سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہے، شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپنا معمول کی تبدیلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنمائوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ بوکھلاہٹ اور دبائو کا شکار ہیں، پی ڈی ایم دراصل خود تقسیم کا شکار ہے، استعفوں کے معاملے میں بھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعفے دینا کوئی آسان کام نہیں ہے، جو لوگ عوام کے ووٹ لے کر پارلیمنٹ میں آتے ہیں ان کے لئے آسان نہیں ہوتا کہ وہ اپنے لیڈر کے متنازع بیانیہ کی وجہ سے استعفے دے دیں۔ ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپنا معمول کی تبدیلی ہے، کپتان جب چاہے اپنی ٹیم میں تبدیلی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا بالکل غلط ہے کہ شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان پی ڈی ایم کو فکس کرنے کے لئے دیا گیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ماحول خراب کر کے سیاسی شہید بننا چاہتی ہیں، اپوزیشن جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران ریاستی دہشتگردی کی گئی، ہمارے ورکرز کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن رہنمائوں کے استعفوں سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہے، اگر یہ لوگ استعفے دیں گے تو ان خالی نشستوں پر الیکشن کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، حکومت نیب قوانین، احتساب کے جاری عمل کے علاوہ باقی تمام قومی معاملات پر اپوزیشن جماعتوں کے سات بات چیت کے لئے تیار ہے۔