حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر پوری توجہ دے رہی ہے، مشیر خزانہ شوکت ترین کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہراقتصادیات ڈاکٹرآرتھر بی لیفر سے ملاقات میں گفتگو

88
حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر پوری توجہ دے رہی ہے، مشیر خزانہ شوکت ترین کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہراقتصادیات ڈاکٹرآرتھر بی لیفر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر پوری توجہ دے رہی ہے، مہنگائی، افراط زر اورزرمبادلہ کے ذخائر کومستحکم رکھنے و پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومت نے عملی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرمعاشیات ڈاکٹرآرتھر بی لیفر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ امریکن بزنس کونسل کے ارکان، سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مشیرخزانہ نے ڈاکٹرآرتھر بی لیفر کاخیرمقدم کیا اورانہیں پاکستان کی معیشت کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے اوراقتصادی بڑھوتری کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ برآمدات میں اضافہ کیلئے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر پوری توجہ دے رہے ہیں، مہنگائی، افراط زر اورزرمبادلہ کے ذخائر کومستحکم رکھنے وپیداوارمیں اضافہ کیلئے حکومت نے عملی اقدامات کئے ہیں۔ ڈاکٹرآرتھر بی لیفر نے معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہاکہ اقتصادی اصلاحات کے زریعہ امریکا، ترکی اورچین نے ترقی کی ہے اوران ممالک میں اقتصادی استحکام آیا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اقتصادی خوشحالی اوربڑھوتری کیلئے اہم شعبوں میں اصلاحات لانے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہاکہ نجکاری کے عمل میں تیزی، ٹیکسوں کے نظام کوسادہ بنانے اورایکسچینج ریٹ کومضبوط کرنے سے پاکستان کی معیشت آگے بڑھ سکتی ہے۔ وزیراعظم کے مشیرنے معیشت کی بہتری کیلئے ان تجاویز کوسراہا۔