حکومت بیرون ملک مقیم پاکستا نیوں کی عید کے موقع پر وطن واپسی میں مشکلات کے ازالے کے لئے موثر انتظامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں جواب

58
روزویلٹ کے مالکانہ حقوق پی آئی اے کی ذیلی کمپنی کے پاس ہے، وفاقی وزیرہوابازی غلام سرورخان

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر وطن واپس آنے میں ان کی مشکلات کے ازالے کے لئے حکومت موثر انتظامات کر رہی ہے، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر فلائٹ آپریشن کو 60 سے 70 فیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے ایوان میں اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور وہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کی کل تعداد 7.5 ملین ہے۔ ہماری برآمدات 24 ارب ڈالر سے زائد ہیں اور رواں سال ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیشنل پروازوں کو 20 فیصد پر کردیا گیا ہے۔ ہماری درخواست پر این سی او سی نے یورپ ، یو کے، چین، ملائیشیا اور کینیڈا کے لئے فلائٹ آپریشنز کو 40 فیصد کردیا ہے، اس کو 60 سے 70 فیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ بیرون ملک پاکستانی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔

ہم نے این سی او سی سے اس حوالے سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈل ایسٹ کے پاکستانیوں کے لئے 7 جولائی سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اس وقت تک پی آئی اے کی 290 پروازوں سے 54116 پاکستانیوں کو وطن پہنچایا ہے،

یورپ اور یو کے میں ہماری پروازوں پر پابندیاں ہیں اس طرح لندن ، مانچسٹر اور پیرس سے خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے وطن پہنچایا جائے گا۔ دیگر پاکستانیوں کو بھی وطن واپس لانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں