اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں نئے تزئین و آرائش شدہ منور مغل ہال کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر …
حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے،محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں نئے تزئین و آرائش شدہ منور مغل ہال کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے عہدیداران، کاروباری شخصیات اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل کے لیے تمام متعلقہ پالیسیوں پر نظر ثانی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان ریلویز کی جدید کاری تیزی سے جاری ہے اور ملک کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشن ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ آئی سی سی آئی کی قیادت کی ملاقات کا انتظام کریں گے تاکہ سی ڈی اے سے متعلق مسائل کے حل میں مدد مل سکے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو حالیہ معرکوں میں "تاریخی فتح” پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی معاشی اصلاحات کے سلسلے میں ہمیشہ سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منور مغل ہال کی جدید اپ گریڈیشن آئی سی سی آئی کے ادارہ جاتی ترقی کے عزم کی غمازی کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقتصادی پالیسی سازی میں کاروباری برادری کو براہ راست شامل کیا جائے، کیونکہ پائیدار اقتصادی ترقی حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے مشوروں کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے شرحِ سود اور توانائی نرخوں میں کمی، اور ایف بی آر کے ٹیکس سسٹم کو معقول بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے پاکستان ریلویز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اقدامات کو سراہا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ غیر معقول ٹیکس کاروباری استحکام کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔
سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کی حالیہ کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین کنسٹرکشن کمیٹی میاں اکرم فرید نے تزئین و آرائش کے عمل سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہال کی نئی شکل ICCI کو عالمی معیار کے مطابق کانفرنسوں، وفود اور نمائشوں کی میزبانی کے لیے مزید قابل بنائے گی۔نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے شکریہ کے کلمات پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی، معززین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار مزید مضبوط انداز میں جاری رکھے گا۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کونسل کے ممبران بشمول زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، میاں خالد جاوید، میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید، چوہدری مسعود، سابق صدور باصر داؤد، محمد احمد، ناصر خان، اسلام آباد انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عبدالرزاق، ایگزیکٹو ممبران اور اسلام آباد کی کاروباری و صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔








