حکومت ترجیحی بنیادوں پر زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کیلئے پر عزم ہے ،حکومت کے جامع اقدامات کی بدولت کورونا کے باوجودمعاشی اشاریے حوصلہ افزاہیں،جمشید اقبال چیمہ

45

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے وبائی مرض کی وجہ سے پوری دنیا میں معیشتیں دبائو کا شکار ہیں لیکن پاکستان میں معاشی اشاریے حوصلہ افزا ہیں اور زراعت کے شعبے میں مجموعی طور پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، حکومت کے وسیع پیمانے پر اقدامات کی بدولت آزمائشی گھڑی اور مشکلات کے باوجود ملکی معیشت صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، حکومت نے گندم، گنے، آلو اور مکئی کی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی ہے۔

پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت حکومت ملکی پیداوار میں خود کفالت پر توجہ دے رہی ہے اسلئے یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، حکومت نے کورونا بحران کے دوران ترقی میں تیزی لانے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے اب تک کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی شعبے اور اس سے منسلک دوسری صنعتوں کو بھی سہولیات دی گئیں۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس پلان کا بنیادی مقصد زراعت کو جدید خطوط پر فروغ دے کر اسے منافع بخش بنانا اور اس کی پیداوار بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف زرعی مصنوعات کی پیداوار بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس میں گندم، چاول، مکئی، دالوں، پھل، سبزیاں اور ماہی گیری شامل ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ کسان کارڈ سکیم ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے کسانوں کی زندگی آسان ہو گی اور ملک میں زرعی انقلاب آئے گا۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بحالی کے عمل میں تیزی لانے کیلئے زراعت اور تعمیراتی شعبے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، بحران کے دوران حکومت نے صنعتوں میں کام کرنے والے 16 ملین لوگوں کو سپورٹ کیا اور مالکان سے کہا گیا کہ وہ اپنے ملازمین کو برقرار رکھیں۔