
پشاور۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے بنوں، لکی مروت، کرک خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں طوفانی بارش سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کوشدید بارش وطوفان میں کھو دیا اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کو تمام ترامداد اور مالی اعلانت کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مجھے طوفان اور بارش میں انسانی جانوں کے ضیاع پرانتہائی افسوس اور دکھ ہے،وزیراعظم شہباز شریف تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیسکو کے 1260 فیڈرز ہیں جن میں سے طوفان و بارش سے300 کے قریب خراب ہوگئے ہیں، سب سے پہلے ہسپتالوں میں بجلی بحال ہوئی، 64 فیڈرز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ نقصان کا تخمینہ 500 ملین سے زائد ہے، معاوضے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی کے ساتھ خیبرپختونخوا کے عوام کو 19 ارب کا مفت آٹا فراہم کیا گیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ 3500 میں فروخت ہونے والا آٹے کا تھیلا اب 2400 میں دستیاب ہے اور آٹے کی بلاتعطل صوبوں کے درمیان رسد جاری رکھنے کیلئے تمام چیک پوسٹیں ختم کر دی گئی، انتخابات سو فیصد ہوں گے اور انشا اللہ اس سال ہی منعقد ہوں گے۔