اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، کاشتکاروں کو زرعی منصوبہ بندی میں معاونت، معیاری بیج، جدید زرعی مشینری اور آسان قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک میں زرعی شعبہ کی ترقی پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت جبکہ گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پر عزم ہے، کاشتکاروں کو زرعی منصوبہ بندی میں معاونت، معیاری بیج، جدید زرعی مشینری اور آسان قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت کسانوں کی معاونت سے آئندہ سالوں میں زرعی اجناس کی پیداوار میں مزید اضافے کیلئے کوشاں ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے اضلاع میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے بینکنگ سیکٹر کے ترقیاتی مالیاتی پروگرام کو سراہا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جی ڈی پی میں 19 فیصد حصہ کے ساتھ زرعی شعبہ بہت سے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) یونٹس کے لئے خام مال فراہم کرتا ہے، مجموعی طور پر قومی معیشت میں زراعت کا تقریباً 60-65 فیصد حصہ ہے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کی بنیادی لاگت کو کم کرنے اور ان کی فصل کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں سہولت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔