لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت سموگ پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہےاور بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا ۔جمعہ کوجاری بیان میں عظمی بخاری نے کہاکہ حکومت سموگ پر قابوکے مسئلے پرقابو پانے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، بھارت بھی سموگ کے معاملے پر فکرمند ہے لہذا بھارتی حکومت کو بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بھی سموگ کے معاملے پر کام کرنے کے لئے تیار ہے،سموگ کے خاتمے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، اگر سموگ ڈپلومیسی شروع ہوجائے تو اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کی پوری حکومتی مشینری سموگ کے خاتمے کے لئے کوششیں کر رہی ہے ، صوبے میں فضائی آ لودگی کو کم کرنے کے لئے گزشتہ 8ماہ میں متعدد بھٹے مسمار کیے گئے،
ہم بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر لارہے ہیں، جو اس ٹیکنالوجی پر نہیں جائیں گے وہ پنجاب میں کام نہیں کرسکیں گے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ملتان اور فیصل آباد میں سموگ کی خطرناک صورت حال کے حوالے خبریں تشویش ناک ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ سموگ صرف پاکستان میں ہے ،چین 26سالوں سے سموگ کا مقابلہ کررہا ہے، وہ بھی سموگ میں کمی لانے کی کوشش کررہے ہیں ، وہ لوگ اپنی انڈسٹری کو دارالحکومت بیجنگ سے دور لے کر جارہے ہیں ۔عظمی بخاری نے کہا کہ سموگ کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، ہمیں بھی اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ہوگا۔