حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ،سانحہ موٹر وے کے ملزمان قانون سے بھاگ نہیں سکتے ، نواز شریف کوملک واپس لانے کے لئے حکومت عدالتی احکامات پر عمل کے لئے اقدامات کر سکتی ہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ،سانحہ موٹر وے کے ملزمان قانون سے بھاگ نہیں سکتے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کوملک واپس لانے کے لئے حکومت عدالتی احکامات پر عمل کے لئے اقدامات کر سکتی ہے ، توقع ہے پارلیمنٹ سے فیٹف …

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ،سانحہ موٹر وے کے ملزمان قانون سے بھاگ نہیں سکتے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کوملک واپس لانے کے لئے حکومت عدالتی احکامات پر عمل کے لئے اقدامات کر سکتی ہے ، توقع ہے پارلیمنٹ سے فیٹف قانون پاس ہوجائے گا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی میں ملوث مجرم قانون سے بھاگ نہیں سکتے ،اس واقعہ سے کئی سوالات پیدا ہوئے ہیں، جب تک پولیس اصلاحات نہیں کی جاتیں معاشرہ سے جرائم پر موئثر طور قابو نہیں پاسکتے ، اصلاحات ایک لمبا عمل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سندھ اور پنجاب پولیس میں کریمنلز بھرتی کئے گئے، پنجاب پولیس سابق حکمرانوں کے ذاتی مفادات کے تابع تھی، اب پنجاب میں پولیس اصلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس حوالہ سے اگلے سال مارچ تک ٹھوس اصلاحات آجائیں گی ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف نے خود کو قانون سے بالا تر سمجھ لیا ہے ،کیا عام مجرم اور پیسے والے مجرم کی صحت میں فرق ہے ،انہوں کہا کہ ملک کا تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والا شخص قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے، اس کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا، ان کی واپسی کے حوالہ سے ہمارے پاس آپشنز موجود ہیں،مختلف ممالک کے ساتھ ملزماں کی حوالگی کا معاہدہ موجود ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر ضمانت دینے والا مکر جائے تو پھر اس کے خلاف کارروائی ہوتی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جب بیمار ہوئے تو انہوں نے ملک میں اپنا علاج کرایا ، عمران خان نے غریبوں کے لئے کام کیا، شوکت خانم ہسپتال بنایا ۔ فیٹف قانون سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ قانون منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے بنایا جارہا ہے ، اگر ہمیں اقوام عالم میں رہنا ہے اور بیرونی دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو قانون کا منظور ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہ اپوزیشن اس بل کی آڑ میں اپنے لئے مراعات چاہتی ہے جو ہم دینے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف قانون کا منظور ہونا ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں عالمی برادری کے ساتھ چلنا ہے تو کچھ اصول اپنانا ہوں گے، دوسری طرف ہمارا دشمن بھارت چاہتا ہے ہم بلیک لسٹ میں چلے جائیں ، ہم ملک کے مفاد میں یہ قانون لارہے ہیں اور توقع ہے کہ پارلمنٹ اس کی منظوری دے دے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر بل منظور نہ ہوا تو یہ بدقسمتی ہوگی ۔