حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عظمی زاہد بخاری

75

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی زاہد بخاری نے کہاہے کہ پنجاب حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، سابق دور حکومت میں پریس کلب کی روکی گئی گرانٹ جلد بحال کردی جائے گی- انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز لاہور پریس کلب کے خصوصی دورہ کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر شیراز حسنات ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار ، ممبرگورننگ باڈی عمران شیخ ،رانا شہزاد، اعجاز مرزا ،محسن بلال ، فاطمہ مختاربھٹی اور عابد حسین نے صوبائی وزیر کو کلب آمد پرخوش آمدید کہا۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہورپریس کلب صحافیوں کا دل ہے یہاں آکر بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں مجھے صحافیوں کو درپیش مسائل کا بخوبی اندازہ ہے اور منتخب حکومت صحافیوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی-صدر ارشد انصاری نے صحافیوں اور لاہورپریس کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے یقین دہانی کرائی کہ سابق نگران حکومت کی جانب سے کلب کی روکی گئی گرانٹ جلد بحال کردی جائے گی

– انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی میں قبضہ مافیاکے خلاف اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور ایف بلاک میں رکے ترقیاتی کام جلد مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انھوں نے لاہورپریس کلب کے سلوگن پلاٹ فار آل کے موقف کی تائید کرتے ہوئے فیز ٹو بارے میں اقدامات کی یقین دہانی کرائی ۔ معزز مہمان کو کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔