حکومت عالمی سطح پر فن خطاطی کے کام کی سرپرستی کرے گی، وزیر مملکت علی محمد خان کی فن خطاطی کی نمائش کے دورہ موقع پر گفتگو

78
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت عالمی سطح پر فن خطاطی اور فنکاروں کے کام کی سرپرستی کرے گی۔ جمعہ کو یہاں سینٹورس مال میں فن خطاطی کی نمائش کے دوسرے روز دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں فن کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے ذریعے پوری دنیا میں امن، محبت اور علم کا پیغام آگے بڑھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطاطی مسلمانوں اور برصغیر کا ایک ورثہ ہے۔ انہوں نے معروف آرٹسٹ واصل شاہد کی جانب سے پیش کئے گئے فن خطاطی کے 23 گولڈ پلیٹڈ فن پاروں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مصور کی محنت کا اندازہ ان کے کام سے لگایا جا سکتا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد سے فنکاروں اور آرٹس سے لگن رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فن خطاطی کے کام میں دلچسپی کامظاہرہ کیا۔ یہ نمائش ہفتہ تک جاری رہے گی۔