سیالکوٹ ۔ 27 اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی امور چوہدری ارمغان سبحانی اور چیئرمین لینڈ ریکارڈ پنجاب چوہدری طارق سبحانی نے حالیہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں ہیڈ مرالہ اور گردونواح کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔محکمہ آبپاشی کے افسران نے اس موقع پر معزز مہمانوں کو دریاؤں میں پانی کی آمد، حفاظتی بندوں کی صورتحال اور قریبی آبادیوں پر ممکنہ اثرات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزراء نے متاثرہ دیہات اور اطراف کے علاقوں کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں انہوں نے چپراڑ سمیت دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی مکینوں سے صورتحال دریافت کی۔چوہدری ارمغان سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔