حکومت معیشت کے استحکام اورکوویڈ19 سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات میں پرعزم ہے۔وزیرخزانہ شوکت ترین کی عالمی بینک کےایم ڈی(آپریشنز) ایگزل وان ٹروٹسن برگ سے گفتگو

110
وزیرخزانہ شوکت ترین کی عالمی بینک کےایم ڈی(آپریشنز) ایگزل وان ٹروٹسن برگ سے گفتگو
وزیرخزانہ شوکت ترین کی عالمی بینک کےایم ڈی(آپریشنز) ایگزل وان ٹروٹسن برگ سے گفتگو

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت نے سخت مالیاتی نظم وضبط کے نتیجہ میں حسابات جاریہ کے خسارہ کوفاضل میں تبدیل کرلیاہے اورمستقبل میں وسائل کومتحرک کرنے، پیداورمیں اضافہ اورمالیاتی انتظام وانصرام کوبہتربنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،حکومت کلی معیشت کے استحکام، مالیاتی استقلال اورکوویڈ19 کی وجہ سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر(آپریشنز) ایگزل وان ٹروٹسن برگ سے ورچوئل میٹنگ کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر اقتصادی امورعمرایوب خان، وزیرتوانائی محمدحماداظہر، معاون خصوصی پاورتابش گوہر، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور، سیکرٹری اقتصادی امور، چئیرمین ایف بی آراور وزارت خزانہ کے سینئیرافسران بھی اس موقع پرموجودتھے

۔گورنرسٹیٹ بینک رضاباقرویڈیولینک کے زریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاکہ عالمی بینک اصلاحات کے ایجنڈا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے ہمیشہ سے پاکستان کامعاون رہاہے۔ عالمی بینک توانائی، مالیاتی وقرضوں کے انتظام وانصرام اورسماجی واقتصادی ترقی جیسے کلیدی شعبوں میں پاکستان کابڑا ترقیاتی شراکت دارہے۔وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر کوملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اورکوویڈ 19کی وبا سے متاثرہ معیشت میں تیزی لانے کیلئے حکومت کے اہم اقدامات پرروشنی ڈالی،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے سخت مالیاتی نظم وضبط کے نتیجہ میں حسابات جاریہ کے خسارہ کوفاضل میں تبدیل کرلیاہے۔انہوں نے مستقبل میں وسائل کومتحرک کرنے، پیداورمیں اضافہ اورمالیاتی انتظام وانصرام کوبہتربنانے کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کلی معیشت کے استحکام، مالیاتی استقلال اورکوویڈ19 کی وجہ سے متاثرہمعیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات میں پرعزم ہے۔ وزیرتوانائی محمدحماداظہرنے عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرکو توانا ئی کے نظام کوموثر ومتحرک بنانے کیلئے اس شعبہ میں جاری اصلاحات اورخدمات میں بہتری کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی پاورتابش گوہرنے بجلی کے شعبہ میں اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس شعبہ کو متحرک اورپائیداربنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے، حکومت بجلی کے پیداواراورترسیلی نظام میں بہتری کیلئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیرعمرایوب خان نے عالمی بینک کے نمائندے کومضبوط ومتحرک اداروں کے قیام اورانسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرنے توانائی کے شعبہ میں پائی جانیوالی مشکلات پرقابوپانے میں عالمی بینک کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا، انہوں نے کورونا وائرس کی عالمگیروبا کے دوران معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کوسماجی اوراقتصادی تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی کوسراہا۔انہوں نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل میں عالمی بینک کی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے ایم ڈی اوران کی ٹیم کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل معاونت پران کاشکریہ اداکیا۔