حکومت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے زیادہ استعداد والے شعبوں کو مراعات فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا ترجیحی شعبوں کے تحت آئی ٹی کے شعبہ میں دی جانے والی مراعات پر اجلاس سے خطاب

80

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے زیادہ استعداد والے شعبوں کو مراعات فراہم کر رہی ہے، صنعتی اور آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے حکومت نے تاریخی پیکیج دیا، حکومت نے ملکی نظام میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولیات بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی زیرصدارت ترجیحی شعبوں کے تحت آئی ٹی کے شعبہ میں دی جانے والی مراعات پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان فری لانسرز کو سہولیات کی فراہمی سے زرِ مبادلہ میں اضافہ ممکن ہوگا، ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس کو آئی ٹی سٹارٹ-اپس، صنعتی شعبے اور موجودہ آئی ٹی کمپنیوں کیلئے موجودہ حکومت کی دی جانے والی سہولیات کے نفاذ پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے حال ہی میں دیئے گئے انڈسٹریل و آئی ٹی شعبے کے پیکیج پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے، ملک میں فری لانسزر کی تعداد میں حکومتی اقدامات کی بدولت خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، حالیہ اعلان کردہ سہولیات کی بدولت اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

فری لانسرز کی ون سٹیپ رجسٹریشن پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ پورٹل سے یقینی بنائی گئی ہے جس کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے رجسٹریشن خودکار ہوگی۔ اس کے علاوہ فری لانسنگ کے ذریعے بیرونِ ملک سے حصول کردہ رقوم کی پاکستان میں باآسان ترسیل کیلئے بینکنگ چینلز تک رسائی کیلئے سٹیٹ بینک ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے دی گئی ٹیکس پر چھوٹ سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے بھی نظام جلد فعال بنا دیا جائے گا۔

مزید برآں کمرشل بینکس کے ذریعے منظور شدہ سہولیات و مراعات کی یقینی فراہمی کیلئے بھی باقاعدہ رہنمائی جلد فراہم کی جا ئے گی۔ وزیرِاعظم نے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ سہولیات و مراعات کی فری لانسرز و آئی ٹی کمپنیوں اور صنعتوں کو فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر، چیئرمین سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی عامر ہاشمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے