حکومت ملکی معیشت کے استحکام، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے جامع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، سیدال خان

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے جامع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کے اعزاز میں کراچی کے معروف تاجروں، سرمایہ کاروں عقیل کریم ڈھیڈی اور احمد چنائی کی جانب سے شاندار اور پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک …

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے جامع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کے اعزاز میں کراچی کے معروف تاجروں، سرمایہ کاروں عقیل کریم ڈھیڈی اور احمد چنائی کی جانب سے شاندار اور پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کی معاشی صورتِحال، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور حکومتی معاشی اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے جامع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے ، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں، مؤثر حکمتِ عملیوں اور شفاف معاشی فیصلوں کے باعث ملک مسلسل بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اس موقع پر صدرِ آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام قومی سٹیک ہولڈرز کی انتھک محنت، دور اندیش فیصلوں اور مربوط اقتصادی پالیسیوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہی حکمتِ عملیوں کے نتیجے میں پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل کر بحالی اور ترقی کی مستحکم راہ پر گامزن ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نہ صرف ملک کے اندر معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا وقار اور اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں بالخصوص امریکہ پاکستان کی قیادت کی بصیرت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بین الاقوامی سطح پر مثبت پیشرفت جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے اہم معاہدے کئے گئے ہیں۔سعودی عرب، قطر، چین اور دیگر برادر ممالک نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے بھی تواتر کے ساتھ جاری ہیں۔تقریب میں موجود کاروباری شخصیات نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ملکی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

سیدال خان نے کہا کہ حکومت تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لئے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے اور عام آدمی کی زندگی میں بھی حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک سے بڑھتا ہوا تعاون اسی معاشی اعتماد کا مظہر ہے جو پاکستان کی قیادت نے انتھک کوششوں سے حاصل کیا ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا اور ملکی بحالی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔استقبالیہ میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر محمود، وزیراعظم کے نیشنل کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس سمیت ملک کے معروف تاجروں، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔