حکومت ملک کودرپیش مسائل سے نکالنے کیلئے بھرپورطریقے سے کوشا ں ہے،وفاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستگیر خان

139

گوجرانوالہ۔ 04 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ 57کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے132کے وی دولت نگر گرڈ اسٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر سے علاقہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھلے گا،خطیر رقم کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والے اس گرڈ اسٹیشن سے ناصرف اہل علاقہ کو بہتر وولٹیج کے ساتھ معیاری بجلی میسر ہو گی بلکہ گیپکو کو لائن لاسز میں کمی کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچت بھی ہو گی۔اِ ن خیالات کا اظہار انہوں نے132کے وی دولت نگر گرڈ اسٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب، چیئرمین بی او ڈی محمد شعیب بٹ، نوابزادہ غضنفر گل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گیپکو کے بجلی کے نظام کو مکمل طور پر اَپ گریڈ کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس سلسلہ میں ریجن بھر میں گرڈ اسٹیشنوں کی تعمیر و اَپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 132کے وی دولت نگرگرڈ اسٹیشن کی تعمیر سے مالی فوائد کے علاوہ اس سے علاقہ کی معاشی و معاشرتی حالت میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی، لوگوں کو بجلی کی ترسیل کا نظام مستحکم ہوگا، نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا، پہلے سے موجود صارفین کے کم وولٹیج سے متعلق مسائل حل ہوں گے، کھیتوں کھلیانوں میں ہریالی آئے گی اورلوگوں کو روزگار ملے گا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ132کے وی دولت نگر گرڈ اسٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی کل لاگت57کروڑ روپے ہے جن میں سے گرڈ اسٹیشن کی لاگت تقریباََ 39کروڑ روپے جبکہ فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر پر18کروڑروپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ا س عظیم الشان منصوبے کی تعمیر سے گیپکو کو لائن لاسز میں کمی کی مد میں سالانہ85لاکھ60ہزار سے زائدیونٹس کی بچت ہو گی، گرڈ اسٹیشن سے7 نئے فیڈرشیر گرھ، لمبھڑا، ڈوگا، لاہوریاں، عمر والا، بنین اور ککرالی نکالے گئے ہیں جن پر 72میگاواٹ تک کے نئے کنکشن لگانے کی گنجائش موجود ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ48 کنال اراضی پر محیط یہ گرڈ اسٹیشن گیپکو نے اپنے وسائل اور سرمایہ سے تقریباََ ڈیڑھ سال کی قلیل مدت میں تعمیر کیا ہے جو گیپکوکے انجینئرز کی پیشہ وارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا کہ ملک کو موجودہ کرائسسز سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں سب ایک ساتھ کھڑے ہو جائیں۔

تقریب میں جی ایم ٹیکنیکل مظہر نوید، چیف انجینئرز معظم فضل، شاہد نعیم چیمہ، آصف ندیم، ڈی جی ایچ آر جلیل الرحمن، پی ڈی جی ایس سی فیصل نفیس، ایس ای گجرات چوہدری امین، مینجرز چوہدری اکبر علی، ذیشان ستار، تصدق ایوب، رانا جہانگیر سمیت گیپکو افسران و ملازمین اور دیگر علاقہ معززین و عوامی نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔