حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

57

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سے استعفی نہیں دیں گے، پی ڈی ایم مختلف گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے، اپوزیشن صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے منفی سیاست کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قومی اداروں کو نشانہ بنا کر حکومت کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو کرپٹ، بدعنوان اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر اور عظیم مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، ہماری مسلح افواج نے کورونا، ٹڈی دل، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران خدمات ادا کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مہنگائی کو کم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی، انتخابی اور نیب قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ ان شعبوں کے نظام میں مزید شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف ایک بزدل سیاستدان ہیں، ان کو بیرون ملک میں آسائشوں سے لطف اندوز ہونے کی بجائے اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے ملک واپس آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوار حکومت میں قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹ لیا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔