اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے ہسپتال منتقلی کے حوالے سے اپنے ڈاکٹر کی بات بھی نہیں مانی، وہ ہسپتال کے باہر پارٹی کارکنوں کے اکٹھے ہونے، ٹائر جلانے سمیت دیگر لوازمات پورے ہونے کے بعد ہسپتال منتقل ہوئے ، یہ بات سمجھ سے بالا ہے کہ ڈینگی ٹیسٹ نیگیٹو آنے …
حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، حکومت دعا گو ہے کہ نواز شریف صحت یاب ہوں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے ہسپتال منتقلی کے حوالے سے اپنے ڈاکٹر کی بات بھی نہیں مانی، وہ ہسپتال کے باہر پارٹی کارکنوں کے اکٹھے ہونے، ٹائر جلانے سمیت دیگر لوازمات پورے ہونے کے بعد ہسپتال منتقل ہوئے ، یہ بات سمجھ سے بالا ہے کہ ڈینگی ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے باوجود بھی اتنے پلیٹ لیٹس کس طرح گر گئے، وزیراعظم عمران خان دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مصروف ہیں اور دوسری جانب پاکستانی وفد ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا کیس لڑ رہا ہے ، ایسے میں 27 اکتوبر کے یوم سیاہ پر قومی کاز کو نقصان پہنچانے کی سازش کی جا رہی ہے، ملک کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کو 22 کروڑ عوام کی طاقت سے روکیں گے، حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کر رہی، ان کی اپنی جماعت ہی ان کی صحت کی آڑ میں بھرپور سیاست کر رہی ہے، طے شدہ طریقہ علاج کی پیروی کی جا رہی ہے، حکومت نے علاج کے لئے سہولیات فراہم کر دی ہیں، علاج کا طریقہ کار ان کے ذاتی معالج نے ہی طے کرنا ہے۔ منگل کو وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر قانون و انصاف کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات 12 بجے نواز شریف کو جب ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو اس کے متوازی یہ خبر چل رہی ہے کہ نواز شریف کو زہر دینے کی کوشش کی گئی اور اس کے ساتھ ہی اچانک پارٹی کے کارکنان جھنڈوں کے ہمراہ ہسپتال کے باہر پہنچتے ہیں اور ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کرتے ہیں، آج بغض عمران پریس کانفرنس میں جو باتیں کی گئیں اس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا اب بھی وہی موقف ہے کہ ایک مریض کو جان بچانے کی فکر ہوتی ہے، اسے پارٹی کارکنوں، جھنڈوں اور ٹائر جلانے سے کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ پتہ چلا ہے کہ نہاری اور ہڑیسہ کھانے کے بعد طبعیت کو کیا ہوجا تا ہے اور اس کے بعد خون پتلا کرنے والی لوپرین کی دو گولیاں کیوں لی جاتی ہیں،61 سال کی عمر میں ایسی دوائیں نہیں چلتیں جس سے خون کے پلیٹ لیٹس کائونٹ گر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو اللہ تعالیٰ پر یقین کی بجائے اپنے ڈاکٹر عدنان پر بہت یقین ہے، نواز شریف انہی کی ایڈوائس پر ہسپتال منتقل ہوئے ہیں، حکومت کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات اور سیاست ان کے اپنے بیانیے کی نفی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لئے کرپشن ہی بڑا زہر ہے جس کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور وی وی آئی پی قیدی جیل سے ہسپتال پہنچ گیا ہے، ان کے بیٹے کی جانب سے بار بار نئے انتخابات کی بات کرنا حیرت کی بات ہے، وہ تو اپنے مسکن میں ہی نشان عبرت بن گئے ہیں، تازہ ضمنی نتائج نے ان کی آنکھیں نہیں کھولیں، موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، پارلیمنٹ کو چلانے کے لئے اپوزیشن آئینی کردار ادا کرنے سے راہ فرار اختیار کرتی ہے۔









