اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کھیل، تعلیم، فنی تعلیم، فنون اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ’’دی آرٹ آف پرنٹنگ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،ہمارے ہاں نوجوانوں کی تربیت کا فقدان ہے تاہم ان کی خصوصی دیکھ بھال اور صحت مند سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے والدین اور بچوں کی ذہنیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور شعور اجاگر کرنے میں آغا خان فاؤنڈیشن، روٹری کلب اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کھیل، تعلیم، فنی تعلیم، فنون اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں ،ملک کو تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن کرنے میں ان کا کلیدی کردار ہے،
ہمارے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے چلنے والی صنعتوں سے لے کر روایتی دستکاریوں تک متنوع شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں، یہ جامع نقطہ نظر انہیں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کو بااختیار بنانا تھا تاکہ بچوں کی پراعتماد، تخلیقی اور ہمدردانہ انداز میں پرورش کے لئے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔