اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نے انتخابی عمل میں اہم حصہ دار بنانے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئی ووٹنگ کا حق دیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
وہ بدھ کو اوور سیز گلوبل فائونڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمیشہ ہمارے لیے اہم رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی ایک وقت میں سمندر پار پاکستانی تھے، اس تجربے سے میں بھی گزر چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی کسی ملک میں بھی ہوں ان کی پاکستان سے محبت کئی گنا بڑھ جاتی ہے کیونکہ دوری میں احساس محرومی کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی جگہ یہ لوگ کوئی اچھی چیزیں دیکھتے ہیں توان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ یہ چیز پاکستان میں بھی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ کے ہر اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ انہیں ان کے مسائل کا بہتر پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانیوں کو قبضہ گروپ جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کا زیادہ انحصار ان پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جس ملک کی معیشت مقروض ہواس کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں رہ سکتی ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، ہمیں بھی مشکلات کا سامنا ہے، حکومت نےسمندر پار پاکستانیوں کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں اہم حصہ دار بنانے کے لیے آئی ووٹنگ کا حق دیا ہے ، ہمیں توقع ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے اپنا ہرممکن کردار ادا کرے گی۔