اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):اراکین سینیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں حکومت نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے اہم مطالبات کو تسلیم کیا ہے، حکومت نے سولر پر ٹیکس کی شرح کم کر کے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ قائم خانی نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں حکومت نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے اہم مطالبات کو تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی پیپلز پارٹی کی عوام دوست تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی کیونکہ یہ تجاویز عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئےناگزیر ہیں۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر محمد اسلم ابڑو اور سینیٹر حسنا بانو بھی موجود تھے۔
تمام سینیٹرز نے اتفاق کیا کہ بجٹ میں عوامی مفادات کو اولیت دی جانی چاہیے اور پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں مرتب کی جائیں۔ سینیٹرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بجٹ پر بحث کے دوران عوامی مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے اور حکومت پر زور دیتے رہیں گے کہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔