ملتان۔6نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود ترقی کا بھرپور سفر جاری رکھا ہوا ہے، اس سلسلے میں عوام کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح بنایا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات ملنے کا آغاز ہوچکا ہے اور اختیارات کی منتقلی شروع ہوچکی ہے، سیپ ون کی سیونگ پر تجویز کردہ ترقیاتی سکیموں کو جلد شروع کیا جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،چیف وہپ ملک عامر ڈوگر،ایم این اے ابرہیم خان، احمد حسن ڈیہڑ اور اراکین اسمبلی قاسم عباس لنگاہ،محمد سلمان نعیم،سلیم اختر لابر،واصف مظہر راں،وسیم خاں بادوزئی, میاں طارق عبداللہ بھی شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے اراکین اسمبلی کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹیکنکل اداروں سے سروے کرایا جائے گا۔قومی تعمیر نو کے محکمے مقررہ وقت میں منصوبے مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ متی تل روڈ کی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بننے سے اہمیت بڑھ گئی ہے، متی تل روڈ وائنڈنگ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ متی تل روڈ کو ڈبل کرنے سے پورے ضلع کو فائدہ ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیپ ون کی سیونگ پر تجویز کردہ ترقیاتی سکیموں کو جلد شروع کیا جائے، حکومت تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنا چاہتی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملتان کے اہم چوکوں کو خوبصورت بنانے کے لیے کام کا آغاز ہوچکا ہے، ترقیاتی سکیموں کے دوران شہر کی خوبصورتی کو مدنظر رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اس خطے کی ترقی کیلئے ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔
حکومت نے 3 برس میں ملتان کے میگا پراجیکٹس کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ،تغلق روڈ اور گراس منڈی فلائی اوورز کا فزیبلٹی پلان فوری بنایا جائے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کو شہر سے منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور روڈز کی مرمت اور کشادگی پر خصوصی فوکس کیا جائے۔چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ عوامی مفاد میں اراکین اسمبلی کی سکیموں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے، حکومت نے عوامی مفاد کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تجاویز پر شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے عمل پیرا ہیں اور انشااللہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو ریلیف دینگے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت مزارات کی اپ گریڈیشن شروع کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے بوسن روڈ پر یوٹرن کی تعداد پر نظر ثانی کی جارہی ہے جبکہ ٹریفک دبائو کے باعث بہادر پور میٹرو روٹ یوٹرن کو ختم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے سکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان کی ترقیاتی سکیموں کے 24 فیصد فنڈز جاری ہوچکے ہیں، ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تمام اداروں کو اپنی پرفارمینس بہتر کرنے کی ضرورت ہے، آئندہ اجلاس تک تمام اداروں کو جاری ہونے والے فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے ضلعی انتظامیہ کے چینی مافیا کے خلاف اقدامات کی تعریف کی ہے۔ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کا چینی مافیا کے خلاف حالیہ کریک ڈائون قابل تعریف ہے جس سے سرکاری چینی کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
ایم این اے ابراہیم خان نے کہا کہ چینی کے حوالے سے ضلع ملتان میں بہترین منیجمنٹ کی گئی اور شہریوں تک چینی کی بلاتعطل فراہمی کی گئی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اراکین اسمبلی چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے سرکاری چینی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔