اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی ہوئی ہے، سستے رمضان بازاروں کو وافر مقدار میں روزمرہ استعمال ہونے والی اشیائے ضروریہ کا سٹاک مہیا کیا گیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو قیمتوں پر قابو پانے اور عام بازاروں میں بھی ناجائز منافع خوری کے سلسلے کو روکنے کیلئے فعال کیا گیا ہے۔
پیر کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں کم از کم 25 موبائل یوٹیلٹی سٹورز بھی فعال کئے گئے ہیں تاکہ رمضان المبارک کے مہینے کے دوران مستحق لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر مہیا کی جا سکیں۔
علی نواز اعوان نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر ریلیف رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اور ملک بھر میں 100 سے زائد یوٹیلٹی سٹورز پر عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش دستیاب ہوں گے۔ معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سستے رمضان بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز پر خریداری کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ وبا پر قابو ممکن بنایا جا سکے۔