حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، شفقت محمود

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں طبی تعلیم پر عالمی کانفرنس 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ''صحت کی پیشہ وارانہ تعلیم میں 21 ویں صدی کے …

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں طبی تعلیم پر عالمی کانفرنس 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ”صحت کی پیشہ وارانہ تعلیم میں 21 ویں صدی کے چیلنجز” تھا۔ کانفرنس سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صحت انصاف کارڈ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت معاشرہ کے غریب طبقہ کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گے، اس پروگرام کے تحت مختلف ہسپتالوں میں غریبوں کو امیروں کے مساوی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی صحت کے شعبہ میں شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نصاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ طالب علم پی ایچ ڈی کی ڈگریاں لینے کے باوجود ملازمتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا حالیہ معیار بھی کمزور ہے تاہم اب ڈاکٹر ظفر مرزا کی کوششوں کے بعد میڈیکل تعلیم کا معیار بہتر ہورہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے نتائج سے صحت کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی، اس قسم کی کانفرنسوں سے میڈیکل کے تعلیمی نصاب کا معیار بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔