اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے 120 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، مہنگائی کا مسئلہ موجود ہے لیکن غربت کی شرح میں کمی آئی ہے۔
منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر افنان اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے، گھی اور دالوں کی خریداری پر سبسڈی کے لئے 120 ارب روپے کا پیکج دے رہی ہے، اس کے علاوہ 1600 ارب روپے کا کامیاب پاکستان پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جس کا وزیراعظم نے افتتاح کیا ہے،
اس پروگرام کے تحت بلا سود قرضے دیئے جائیں گے جس سے لوگ اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، اس سے پہلے ملک میں بلا سود قرضے دینے کا تصور موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام اور دیگر حکومتی اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا، ملک میں غربت کی شرح میں کمی آئی ہے اور اس میں مزید 2 فیصد کمی کا امکان ہے۔