حکومت نے مستحق لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے زرتاج گل

62
پاکستان تحریک انصاف احتساب کے نظریئے پر حکومت میں آئی ہے، احتساب سب کے لئے یکساں ہو گا، وزیراعظم عمران خان مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،زرتاج گل وزیر
پاکستان تحریک انصاف احتساب کے نظریئے پر حکومت میں آئی ہے، احتساب سب کے لئے یکساں ہو گا، وزیراعظم عمران خان مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،زرتاج گل وزیر

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے، مخیر حضرات انسانیت کی خدمت کیلئے بڑھ چڑھ کر وزیر اعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں، پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس وباء کے خلاف مقابلہ کر رہی ہے اسلئے حکومت بار بار لوگوں کو گھروں میں رہنے کیلئے ہدایت کر رہی ہے تاکہ مہلک وباء پر قابو پایا جا سکے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق لوگوں میں امداد کی تقسیم کا عمل شروع ہو گیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے، اسی طرح بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل لوگوں کو بھی ریلیف دیا جائے گا۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تعمیراتی صنعت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے اس سے وابستہ کئی دوسری صنعتیں بھی اپنا کام شروع کر دیں گی جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور اس اقدام سے ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر ملک سے اس وباء کے خاتمے اور غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دباء کے باوجود کبھی بھی پورے ملک میں کرفیو نافذ کرنے کی حمایت نہیں کریں گے۔