حکومت نے نواز شریف کو واپس لانے کے لئے برطانوی حکام کو عدالتی فیصلے کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں، معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر

53

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بلاتفریق احتساب کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، گندم اور چینی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لئے برطانوی حکام کو عدالتی فیصلے کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں، نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں، عدالت کی طرف سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد انہیں واپس پاکستان آنا چاہیے۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ہمارا برطانوی حکومت سے قیدیوں کے حوالے سے حوالگی کا معاہدہ ہے اور حکومت نے برطانوی حکومت سے ن لیگ کے قائد کو پاکستان واپس بھیجنے کے لئے کہا ہے۔ گندم اور چینی کی تحقیقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔