اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل سے تسلیم کرے گی، امید ہے کہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہوگا۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عدالت عظمیٰٰ نے وزیر اعظم کو طلب کیا تو وہ معزز عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ امید ہے کہ ملک کی عدلیہ کا فیصلہ آزادانہ اور انصاف پر مبنی ہوگا۔ حکومت نے پاناما کیس کے حوالے تمام شواہد عدالت میں پیش کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں ڈلیور کرنے اور عوام کی فلاح وبہبود کا ایک بھی منصوبہ لانچ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کے مختلف شہروں میں عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے جس میں میٹرو بس سروس بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 2018ءکے الیکشن میں فیصلہ کریں گے کہ ان کیلئے کونسی پارٹی بہتر ہے۔