حکومت پاکستان اور پاک فوج کا مصمم ارادہ ہے کہ دہشت گردی خواہ کہیں سے بھی آ رہی ہے اسے جڑ سے اکھاڑ کر ختم کریں گے ،خواجہ محمد آصف

96

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاک فوج کا مصمم ارادہ ہے کہ دہشت گردی خواہ کہیں سے بھی آ رہی ہے اسے جڑ سے اکھاڑ کر ختم کریں گے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے ابھی ختم نہیں ہوئی۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی بلوچستان کے مابین ملاقات میں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کے کے لیے تبادلہ خیال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو دن سے جو دبائو کا ماحول تھا میں سمجھتا ہوں کہ ہماری اب افواج نے جو کردار ادا کیا ہے اس میں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، کم سے کم نقصان میں بہترین کارکردگی دکھائی گئی، بچوں، خواتین اور مسافروں کی بازیابی ممکن بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کیا ہے، ایک تاریخ رقم کی گئی ہے جو ایک سنہرا باب بن گیا ۔پاک فوج اور حکومت کا مصمم ارادہ ہے کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور نیست و نابود کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ان کیمرہ میٹنگ ہو لیکن ہماری ان کیمرہ میٹنگ پہلے کی طرح نہیں ہوگی جیسے باجوہ دور میں ہوا کرتی تھی۔