برسلز۔17دسمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور یورپین انویسٹمنٹ بینک (ای آئی بی) نے کراچی میں سیوریج اور گندے پانی کے انتظام کو بہتر بنانے کے ایک بڑے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اعلامیہ پر دستخط کیے۔ یہ اعلامیہ 15ویں پاکستان-یورپی یونین مشترکہ کمیشن کے موقع پر برسلز میں منعقد ہو رہا ہے۔ بدھ کو برسلز میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری …
حکومت پاکستان اور یورپین انویسٹمنٹ بینک کے درمیان کراچی میں سیوریج اور گندے پانی کے انتظام کو بہتر بنانے کےمنصوبہ پر دستخط
برسلز۔17دسمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور یورپین انویسٹمنٹ بینک (ای آئی بی) نے کراچی میں سیوریج اور گندے پانی کے انتظام کو بہتر بنانے کے ایک بڑے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اعلامیہ پر دستخط کیے۔ یہ اعلامیہ 15ویں پاکستان-یورپی یونین مشترکہ کمیشن کے موقع پر برسلز میں منعقد ہو رہا ہے۔ بدھ کو برسلز میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد حمیر کریم اور یورپین انویسٹمنٹ بینک کے ہیڈ آف ڈویژن (ایشیا پیسفک) ایڈوارڈاس بمستیناس نے اعلامیہ پر دستخط کئے۔
دستخطی تقریب میں یورپی کمیشن (DG INTPA) کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میریام فیران، یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی، پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے سربراہ ریمونڈاس کاروبلس اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس (ای ای اے ایس) کی قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر پاولا پامپالونی نے شرکت کی۔یہ معاہدہ کراچی واٹر انفراسٹرکچر فریم ورک منصوبے کے لیے یورپین انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت کو باضابطہ شکل دیتا ہے جس کے تحت کراچی میں اہم واٹر ٹریٹمنٹ سہولیات کی بحالی اور تعمیر کی جائے گی۔
تقریباً 60 ملین یورو کے ای آئی بی مالیاتی پیکیج کے ساتھ اس منصوبے سے صاف پانی کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے آبی تحفظ کو تقویت ملے گی۔ یہ منصوبہ پاکستان کے بڑے شہری مراکز میں سے ایک میں بنیادی شہری خدمات کی جدید کاری اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط انفراسٹرکچر کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت اقتصادی امور نے پاکستان میں یورپین انویسٹمنٹ بینک کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اہم ترقیاتی و انفراسٹرکچر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یورپی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں ای آئی بی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا اور ترجیحی شعبوں میں ای آئی بی کی معاونت سے منصوبوں کی فہرست کو وسعت دینے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ دستخط پاکستان-یورپی یونین تعاون میں جاری پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں اور پائیدار ترقی، عوامی خدمات کی فراہمی اور موسمیاتی و ماحولیاتی استحکام کے حوالے سے مشترکہ ترجیحات کو اجاگر کرتے ہیں۔









