اسلام آباد ۔25جنوری (اے پی پی):حکومت پنجاب اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے باہمی تعاون سے پنجاب میں ماڈل ایڈکشن ری ہیبلیٹیشن اینڈ ری انٹیگریشن سینٹر قائم کیا جائے گا ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق 8 کلب روڈلاہور پرماڈل ایڈکشن ری ہیبلیٹیشن اینڈ ری انٹیگریشن سینٹرکے قیام کے سلسلے میں ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ۔
تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب، کور کمانڈر لاہور ، اور ڈی جی اے این ایف نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور ڈائریکٹر اے این ایف پنجاب نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ترجمان نے بتایاکہ یہ سنٹر داتا دربار ہسپتال میں قائم کیا جائے گا۔ داتا دربار ہسپتال، لاہور میں ماڈل ایڈکشن ری ہیبلیٹیشن اینڈ ری انٹیگریشن سینٹر کے قیام کی سمیت ایم او یو پر دستخط ایک اہم قدم ہے ۔
قیام کا مقصد لاہور میں منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ بحالی مرکز میں منشیات کے عادی بے گھر افراد کے علاج کو فوقیت دی جائے گی۔ اس سنٹر میں پیشہ ور افراد پر مشتمل طبی ٹیم منشیات کے عادی افراد کا علاج کرے گی ۔
پنجاب ماڈل ایڈکشن ری ہیبلیٹیشن اینڈ ری انٹیگریشن سینٹر علاج اور بحالی کے شعبے سے منسلک افراد کی تربیت کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھے گا۔ اے این ایف ترجمان نے کہاکہ منشیات سے پاک معاشرے کے حصول کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے۔