حکومت پنجاب نے کرونا وائرس کی روک تھام ، ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات ، عوامی آگاہی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں، صوبائی حکومت نے فوری طور پر 226 ملین روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی راولپنڈی میں میڈیا کو بریفنگ

راولپنڈی۔ 29 فروری (اے پی پی) پنجاب کے وزیراطلاعات و کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر حکومت پنجاب نے کرونا وائرس کی روک تھام اور ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات اور عوام آگاہی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت نے فوری طور پر 226 ملین روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں اور حفاظتی ماسک کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے پنجاب بھر میں انتظامیہ کے افسران متحرک ہیں، شہری خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں، کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے صرف 2.5 فیصد متاثرین موت کا شکار ہوتے ہیں جبکہ 97.5 فیصد متاثرین علاج معالجے سے صحت یاب ہو جاتے ہیں تاہم حکومت پنجاب نے پیش بندی کے طور پر بروقت تمام تر حفاظتی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں کرونا وائرس کے فلٹر سنٹر اور وارڈز کے دورے کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کہی، اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد رفیق، اے ایم ایس اور دیگر ڈاکٹر بھی موجود تھے، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا اور بے شمار چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کیا ، اسی طرح کرونا وائرس کے خطرے سے بھی مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکومت پوری طرح مستعد اور فعال ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار روزانہ کرونا وائرس کی روک تھام اور علاج معالجے کی سہولیات اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں، بڑے ہسپتالوں میں مانیٹرنگ یونٹ قائم کر دیئے گئے ہیں اور علماء کرام، اساتذہ اور صحافیوں کے تعاون سے کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی کی کاوشیں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے اس حوالے سے کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کی ہے اور سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کے 40 سے زائد ممالک کرونا وائرس کا شکار ہیں اور ہم نے ہمت اور جرات کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہے، صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ کرونا وائرس کے نام پر سیاست کرنے، مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والے، کرونا وائرس کو طنز و مزاح کا موضوع بنانے والے قابل مذمت ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں فروخت پر انتظامیہ کے افسران کاروائی کر رہے ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات نے ایک صحافی کو ہراساں کرنے کے سوال پر پولیس کو ہدایت کی کہ مذکورہ صحافی کا تحفظ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندے قومی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کرونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کرونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے ائرپورٹس پر طبی حفاظتی اقدامات کے پیش نظرعمرہ زائرین کی آمد معینہ مدت کے لئے معطل کئے جانے کے باعث زائرین کو جن مشکلات کا سامنا ہے متعلقہ ادارے اس پر مؤثر کاروائی کریں، فیاض الحسن چوہان نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں 6 ہزار صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔