حکومت پیکا قانون کے ذریعے جعلی خبروں کو روکنا چاہتی ہے، ایکٹ میں ترمیم کا مقصدجعلی خبروں کے رحجان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

104

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) قانون کے ذریعے جعلی خبروں کو روکنا چاہتی ہے، حکومت نے کسی بھی شخص کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کیلئے پیکا ایکٹ میں ترامیم کی ہیں۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر دیانت دار شخصیات کی کریڈیبلیٹی کو بدنام کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرمستند خبریں چلاتے ہیں تاہم اس آرڈیننس کے بعد کسی کو بھی کسی شخص کی کردار کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تحریک عدم اعتماد کے بارے سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ان میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا دم خم نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، تمام اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ کھڑی ہیں، جسطرح اپوزیشن کے استعفے اور لانگ مارچ کی دھمکیاں مذاق بنیں اسی طرح تحریک عدم اعتماد سے بھی کچھ نہیں نکلے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے، ہر ترمیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان اس مقصد کیلئے کام کر رہے ہیں، بدقسمتی سے نواز شریف نے کبھی بھی ملک کے قانون کی پاسداری نہیں کی، عدالتیں انہیں مفرور اور اشتہاری قرار دے چکی ہیں، اگر وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئےلندن سے پیدل بھی آتے تو آج تک واپس پہنچ چکے ہوتے۔