اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے گستاخانہ خاکوں کا سلسلہ بند ہو، اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ناموس رسالتۖ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ناموس رسالتۖ پر دنیا کے ساتھ مکالمہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پوری دنیا میں ناموس رسالتۖ کے معاملے کو لیڈ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے مسلم ممالک کے سربراہان کو خطوط بھی لکھے ہیں تاکہ مغربی دنیا کو یہ باور کرایا جا سکے کہ ناموس رسالتۖ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالتۖ پر سب سے زیادہ کام کیا، وزیراعظم عمران خان ناموس رسالتۖ پر عالمی رہنمائوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے لیکن جلائو، گھیرائو اور تشدد کا جو راستہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے اختیار کیا وہ غلط تھا، کوئی بھی مسلمان ناموس رسالتۖ کے حوالے سے گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، حکومت چاہتی ہے کہ گستاخانہ خاکوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، کالعدم ٹی ایل پی کا مطالبہ پارلیمنٹ میں پیش کر دیا ہے، اب اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، ناموس رسالتۖ پر دنیا کے ساتھ مکالمہ کرنے کی ضرورت ہے، دنیا کے تمام مسلم ممالک ملک کر ہی کوئی لائحہ عمل طے کر سکتے ہیں۔