حکومت کامیاب جوان ای سپورٹس اقدام جلد شروع کرے گی، معاون خصوصی عثمان ڈار کی لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس

69

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کامیاب جوان ای سپورٹس کا آغاز جلد کرے گی تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے، یہ پروگرام ابتدائی طور پر 25 بڑے شہروں میں شروع کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے طلباء کو شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کے ہمراہ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور قلندرز کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو ہر فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ابتدائی طور پر 25 بڑے شہروں میں شروع کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت یونیورسٹیوں ، کالجوں اور سکولوں کے طلباء کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ای سپورٹس کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹاپ ٹین ای گیمنگ کمپنیوں کا اندراج کرے گی، دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں میں بھی زبردست تبدیلی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سپورٹس عالمی سطح پر ایک بڑی صنعت بن چکی ہے کیونکہ دنیا بھر میں چند ای سپورٹس سرفہرست گیمز میں ہیں کیونکہ ای۔گیمز کے شائقین کی بڑی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت کام کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو آئی ٹی ماہرین، رہنما اور قومی ہیروز بننے کے قابل بنایا جا سکے۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے کہا کہ ای-سپورٹس کا مقصد ای-گیمنگ کی تشکیل اور قومی سطح کے ٹیلنٹ کا انتخاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا بنیادی مشن نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرنا اور ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں لیکن سہولیات کی کمی کی وجہ سے وہ مطلوبہ نتائج نہیں دکھا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا نام روشن کرنے کے لئے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ای سپورٹس کے ایشین گیمز اور اولمپکس میں شرکت کا امکان ہے۔