حکومت کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کا اعلان ، شاہد خاقان عباسی کی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کل سے ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی،16 جون سے لوڈ شیڈنگ کو 3 گھنٹے سے بھی کم کر دیا جائے گا جبکہ جون کے آخر تک بجلی کی لوڈشیڈنگ 2 گھنٹے پرآ جائے گی۔ وہ پیر کو وفاقی وزراء مریم اورنگزیب اور خرم دستگیر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔

شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں ، ملک میں بجلی کی طلب 25000 میگا واٹ سے زائد ہے جبکہ ملک میں موجود ذرائع سے صرف 18 ہزار میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے ، بجلی کی پیداوار کو 21 ہزار میگا واٹ تک لے گئے ہیں ،تقریباً 4 ہزار میگا واٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کل سے ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی، سستی بجلی پیدا کرنے والے 2 بڑے پلانٹ آج تک مکمل نہیں ہوسکے،گزشتہ حکومت کی کوتاہیوں اور کرپشن کی ایک طویل داستان ہے،پٹرولیم مصنوعات پر ایک فیصد بھی ٹیکس لاگو نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات قیمت خریدپر فروخت کی جائیں گی،قیمت خرید سے کم پرپٹرولیم مصنوعات فروخت نہیں کر سکتے،ماضی کی حکومت خود کش حملہ کر کے گھر جا چکی ہے،بغیر کسی خوف کے عوام کے مسائل جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے بروقت اقدامات کیے ہوتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے،ملک میں سارے یونٹس پیداوار دیں تو 27ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔