لاہور۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت، ویژن اور متحرک پالیسیوں کی بدولت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ازسرِ نو فعال اور ری اسٹرکچر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مائیکرو انٹرپرائزز کو بھی قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کا ہدف برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا …
حکومت کا ہدف برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ہے،وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ
لاہور۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت، ویژن اور متحرک پالیسیوں کی بدولت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ازسرِ نو فعال اور ری اسٹرکچر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مائیکرو انٹرپرائزز کو بھی قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کا ہدف برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ہے،لاکھوں افراد کا روزگار اسی شعبے سے وابستہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سمیڈا اب اس مقام پر پہنچ چکی ہے کہ معمولی ہینڈ ہولڈنگ کے ساتھ آئندہ ایک سے دو سال میں قابلِ ذکر برآمدات لا کر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف برآمدات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانا ہے،سمیڈا کی یہ پیش رفت اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس میں ادارے کی نئی سی ای او، ان کی ٹیم اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے بورڈ ممبران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی سے ادارہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے نمائش میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ہینڈی کرافٹس، سرجیکل آلات، لکڑی اور آئرن سے تیار مصنوعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشیا پاکستان کی برآمدی صلاحیت کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر قومی معیشت کا 60 سے 70 فیصد حصہ ہے اور لاکھوں افراد کا روزگار اسی شعبے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ لیڈ گروتھ ہی پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کا واحد موثر راستہ ہے، جس پر حکومت پوری توجہ دے رہی ہے۔









