حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بھر پوراقدامات کر رہی ہے،کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ملک میں بڑے اجتماعات کو ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی میڈیا سے گفتگو

88
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

لاہور۔14مارچ(اے پی پی )وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بھر پوراقدامات کر رہی ہے، کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ملک میں بڑے اجتماعات کو ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں، علماء کرام سے اپیل ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات کو مختصر کریں اور اجتماعات کو ملتوی کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ملت وحدت ایجوکیشن سسٹم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان کا اللہ تعالیٰ کی ذات پر توکل ہے،مسلمان کسی خوف کا شکار نہیں ہوتا لیکن اس کے ساتھ ساتھ حفاظتی او ر احتیاطی تدابیر کو اپنانا بھی اشدضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ خود اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالیئے اورہلاکت کی جگہوں سے بچنا مسلمان کی شان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وبائی امراض جیسے جذام اور تاون کے مریضوں سے دور رہنے کی کوشش کی جائے ، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر اعتماد ہونا چاہئے، بیماری بھی وہ ہی دیتا ہے اور شفا بھی وہی دیتا ہے ، شریعت بھی ہمیں احتیاطی تدابیر سے منع نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس ، مساجد ، خانقاہیں ، علمی اور دینی مراکزسے گذارش ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات اور ہدایات پر عملدرآمد کریں، یہ سب کورونا وائرس کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ افراد جو قوت مدافعت کی کمی کا شکار ہیں کسی بھی دینی ، روحانی ، تبلیغی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدا مات کر رہی ہے۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات کو مختصر کریں ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان خاص طور پر اللہ تعالی سے رجوع کریں ، توبہ کے ساتھ ذکر اذکار، عبادات اور اعمال صالح کا اہتمام کرتے ہوئے اجتماعی توبہ و استغفار کریں۔