حکومت کو اپوزیشن کی گیدر بھبھکیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اپوزیشن والے عدم اعتماد اور لانگ مارچ کا شوق پورا کر لیں ، وفاقی وزیر شفقت محمود

131

لاہور۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کی گیدر بھبھکیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اپوزیشن عدم اعتماد اور لانگ مارچ کا شوق پورا کر لے۔حکومت ناصرف اپنے یہ پانچ سال مکمل کرے گی بلکہ آئندہ پانچ سال بھی دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں آ کر پاکستان کے عوام کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ آپس میں مخلص نہیں کیونکہ نواز لیگ اور پیپلزپارٹی ٹولے کا واحد مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کے مسائل کے حل کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدرشفقت محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی امنگوں پر پورا اترے گی کیونکہ پاکستان تحریک انصاف عام عوام کی پارٹی ہے اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی پالیسیوں کا مرکز اور محور پاکستان کی عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے غریبوںمزدورں ،کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل حل کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے حکومت اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی، ڈسٹرکٹ ایڈوائزری بورڈ اور اور پارٹی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف راجہ یاسر ہمایوں اور سیکرٹری انفارمیشن مسرت جمشید چیمہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی تنظیم سازی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے تاریخی خطاب میں پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے براہ راست عوام کو بڑا ریلیف دیا ہے۔ راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ حکومت احساس پروگرام کے زریعے بھی عام آدمی کی مالی مشکلات دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کی رقم میں بھی دو ہزار کا اضا فہ کیا ہے۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم ہماری ترجیح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے 21نئی یونیورسٹیاں اور سینکڑوں نئے کالجز بنائے ہیں پاکستان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مفت فراہم کرنے کے لیے قومی صحت کارڈ کا اجرا کیا ہے جس کے زریعے ہر شہری کو دس لاکھ روپے کی مفت ہیلتھ انشورنس دی گئی ہے۔اجلاس میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ایم این اے عامر سلطان چیمہ ، ممبران صوبائی اسمبلی افتخارحسین گوندل ، فیصل فاروق چیمہ،ضلعی صدر اسامہ غیاث میلہ ،سٹی صدر ڈاکٹر نادیہ عزیزسمیت ضلعی ، سٹی عہدیداران اور ایڈوائزی بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔..