ساہیوال۔ 01 جنوری (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کی زندگیوں میں آسانی لانا ہے جس کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے سرجیکل ٹاور میں سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز کے افتتاح سے نہ صرف مریضوں کو جدید طبی سہولیات دستیاب ہونگی بلکہ انہیں علاج کے لئے دوسرے شہروں کے تکلیف دہ سفر سے بھی نجات ملے گی، اب ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان آپریشن تھیٹرز سے بھرپور استفادہ کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز کو آپریشنل کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر محبوب، سابق ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹر احمد ذیشان جمیل، ڈاکٹر فرخ شہزاد، صدر پی ایم اے ڈاکٹر سرفراز چوہدری، سرجن ڈاکٹر محمد مظہر، سی ای او ساہیوال انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر مظہر شیرازی، ڈاکٹر زاہد ستار، ڈاکٹر سمیع اللہ، ڈاکٹرمحمد وسیم، ڈاکٹر خلیل احمد، ڈاکٹر ہارون گیلانی، ڈی ایم ایس ڈاکٹر ذیشان مرزا، ڈائیریکٹر فنانس ڈاکٹر محمد علیم، ڈاکٹر حسان رحم اور ڈاکٹر عامر قریشی سمیت متعلقہ سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسرڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا کہ ہسپتال میں مزید 12آپریشن تھیٹرز کے کام شروع کرنے سے مریضوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کو 377بیڈز کی بجائے موجودہ1150بیڈز کے مطابق وسائل فراہم کئے جائیں تاکہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مسائل حل کرنے اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی، اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب نے بتایا کہ محدود مالی وسائل اور سٹاف کی کمی کے باوجود ہسپتال میں روزانہ 2ہزار سے زائد مریضوں کو او پی ڈی میں علاج کی سہولیات میسر ہیں جنہیں مزید وسائل دستیاب ہونے پر بڑھایا جا سکے گا۔ انہوں نے آپریشن تھیٹرز کے قیام میں شعبہ یورالوجی کے سربراہ ڈاکٹر نثار احمد سعیدی اور ان کی ٹیم کی ان تھک کوششوں کو سراہا۔ بعدازاں ٹیم ممبران میں خصوصی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔