حکومت کی تمام اصلاحات کا مقصد صاف و شفاف انتخابات ہیں، اپوزیشن مناسب تجاویز دے حکومت ضرور ان کی تجاویز پر غور کرے گی،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

56
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا اقوام متحدہ امن مشن کے تحت میں وسطی افریقہ میں تعیناتی کے دوران شہید ہونے والے حوالدار محمد شفیق کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کی تمام اصلاحات کا مقصد صاف و شفاف انتخابات ہیں، وزیراعظم عمران خان کرکٹ میں نیوٹرل ایمپائر لائے تھے اور انہوں نے ہی انتخابات میں دھاندلی کو بے نقاب کیا، ہر انتخابات میں دھاندلی ہوتی رہی لیکن کبھی کسی حکومت نے دھاندلی کا راستہ روکنے کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے، تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن اپوزیشن نے بائیکاٹ اور واک آئوٹ کے علاوہ کسی ایک بل پر بھی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا،

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس اور احتجاج سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا‘اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے حوالے سے مناسب تجاویز دے حکومت ضرور ان کی تجاویز پر غور کرے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حکومت نے بارہا اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی لیکن یہ لوگ کہتے رہے کہ ہمیں آپ کے ساتھ بیٹھنا ہی نہیں ہے، شکر ہے کہ الیکشن ایکٹ ترامیم کا بل پاس ہونے کے بعد اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات یاد آ گئی ہیں، یہ ترامیم بل 16 اکتوبر 2020ءکو پیش ہوا، سٹینڈنگ کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے جس میں ان کے لوگ آتے رہے لیکن عدم دلچسپی کی وجہ سے ان لوگوں نے بل پڑا اور نہ ہی کوئی رائے دی، اب اپوزیشن مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی نمائندگی موجود ہے، سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد ایکٹ آف پارلیمنٹ نہیں بن سکتا، اپوزیشن ترامیم لیکر آئے حکومت ان کی مناسب تجاویز پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ اور آئی ووٹنگ کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے، 90 لاکھ پاکستانی بیرون ممالک میں رہتے ہیں اور وہ سالانہ اربوں ڈالر زرمبادلہ بھیجتے ہیں، ن لیگی رہنما احسن اقبال نے اووسیز پاکستانیوں کا مذاق اڑایا جو کہ قابل افسوس بات ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو نواز شریف سے زیادہ ملک کے بارے پتا ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن جلسے جلوس، استعفے اور آر پار کرتے کرتے اتنی خوار ہو گئی ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آتی کہ کیا کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے اس کا کردار واضح ہے لیکن قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے، الیکشن ایکٹ بل ترامیم کے حوالے سے اس کے تحفظات دور کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ترقی پذیر ممالک کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں احتساب اور کرپشن پر کوئی بات ہی نہیں کرتا تھا، وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد ہے اور 1 کروڑ 70 لاکھ لوگوں نے انہیں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے،

حکومت احتساب اور این آر او کے علاوہ تمام قومی ایشوز پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے لیکن احتساب کے معاملے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے اندر پارلیمانی نظام کا سیٹ اپ ہے، صدارتی نظام کی باتیں بے بنیاد ہیں، لگتا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کوئی ڈرائونا خواب دیکھ لیا جو وہ صدارتی نظام کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2021-22ءعوام کا بجٹ ہے جس میں غربت کی لکیر سے نیچے 60 لاکھ خاندانوں کو اوپر اٹھانے اور زراعت میں انقلاب لانے کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا البتہ ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بزنس فرینڈلی حکومت ہے، کورونا بحران کے دوران ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔