23.7 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںحکومت کی جانب سے رواں سال پہلے 3 ماہ میں بیرونِ ملک...

حکومت کی جانب سے رواں سال پہلے 3 ماہ میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو 4 کروڑ 92 لاکھ روپے کی مالی معاونت

- Advertisement -

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):حکومت نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو تقریباً 4 کروڑ 92 لاکھ روپے کی مالی اور قانونی معاونت فراہم کی۔اس معاونت کے ذریعے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کی مدد کی گئی بلکہ انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی میں بھی سہولت فراہم کی گئی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری کارکردگی رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشیز (CWAs) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو موت کے معاوضے، واجبات کی وصولی اور دعوئوں کے تصفیے جیسے معاملات میں نمایاں کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2025 کی سہ ماہی کے دوران زیادہ تر امداد پاکستان کمیونٹی ویلفیئر اینڈ بینیوولنٹ فنڈ (پی سی ڈبلیو بی ایف ) کے تحت دی گئی جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے بنیادی فلاحی ذریعہ ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں انتقال کر جانے والے کارکنان کے ورثاء کو 19 لاکھ روپے سے زائد کی مالی و قانونی مدد فراہم کی گئی جس میں واجبات کی وصولی اور میتوں کی منتقلی کے اخراجات شامل تھے۔متحدہ عرب امارات (دبئی و ابوظہبی) میں پاکستانی مشنز نے 2 کروڑ روپے سے زیادہ کی امداد فراہم کرتے ہوئے 250 سے زائد اموات کے کیسز کو حل کیا۔

- Advertisement -

ملائیشیا میں متاثرہ خاندانوں کو ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم دی گئی جبکہ دوحہ (قطر) میں اس مقصد کے لئے تقریباً 19 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔دیگر ممالک مثلاً کویت، بحرین، سپین، اٹلی اور جنوبی کوریا میں بھی پاکستانی مشنز نے متاثرہ خاندانوں کو خاطر خواہ مالی تعاون فراہم کیا۔یہ معاونت اس امر کی عکاس ہے کہ حکومت مشکل حالات میں سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ مالی اقدام اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں