حکومت کی طرف سے 5 سال میں وعدوں کی تکمیل کے بعد شہر بدلا ہوا نظر آئے گا، شبیر علی قریشی

مظفرگڑھ۔12اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر مملکت شبیر علی قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے شہر کو ایک خوبصورت اور سرسبز پارک دے کر اپنا عوام کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے دائرہ دین پناہ میں سٹی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اس سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق دائرہ دین پناہ میں نادرہ سنٹر بھی قائم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زبانی دعووں کی بجائے عملی کاموں میں یقین رکھتے ہیں اور پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے 5 سال میں وعدوں کی تکمیل کے بعد شہر بدلا ہوا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز اور خوبصورت پارک حکومت کی طرف سے دائرہ دین پناہ کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک شہری آبادیوں کیلئے پھیپھڑوں کی حیثیت رکھتے ھیں یہ تفریح مہیا کرنے کے ساتھ آلودگی کم کرنے کا بھی زریعہ ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی کوٹ ادو اور چوک سرور شہید میں بھی پارک اور گرین بیلٹس بحال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر کے مسائل سے واقف ہیں اور جلد ہی تمام مسائل حل کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دائرہ دین پناہ میں سوئی گیس کی فراہمی کی منظوری لے لی ہے اور بہت جلد شہریوں کو گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر کے لئے نکاسئی آب کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں اور شہر کا سیوریج کا مسئلہ بھی بہت جلد حل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دائرہ دین پناہ میں واقع بزرگ کے دربار پر زائرین کے لئے ٹوائلٹس کی تعمیر کیلئے انہوں نے چیف افسر بلدیہ کو ہدایات دے دی ہیں سٹی پارک کے افتتاح کے لئے وفاقی وزیر مملکت کے پہنچنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور وزیر مملکت نے ربن کاٹ کر پارک کا افتتاح کیا اس موقع پر شہریوں کی بھاری تعداد بھی موجود تھی۔