اسلام آباد ۔20 اکتوبر(اے پی پی)حکومت کے اقتصادی و توانائی امور کے ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب درست سمت میں مثبت اقدام ہے جس سے ہماری قومی مفادات اور اقتصادی شعبہ جات کو بھرپور فائدہ ہو گا۔ ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر 23 اکتوبر کو ریاض جائیں گے، جہاں وہ مستقبل کی سرمایہ کاری کے اقدام سے متعلق 3 روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے سے بہتر ہے کہ دوست ممالک کی معاونت حاصل کرنے کے آپشن کو اختیار کیا جائے۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران میں پاکستان کو مخلص اور سچے دوستوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال بالخصوص غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کی صورتحال میں فوری مالی معاونت درکار ہے۔