کراچی۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے بعد حیدرآباد میں کامیاب یوتھ کنونشن کے انعقاد پر حیدرآباد زون کے ذمہ داران، کارکنان اور اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی ہے اور حیدرآباد کے نوجوانوں کا یوتھ کنونشن میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نوجوان ہمیشہ سے ایم کیو ایم کا اثاثہ رہے ہیں اور ہم نوجوانوں کو خاندان، قوم اور ملک پر بوجھ سمجھنے کے بجائے نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں قابل اور ہنر مند بناکر پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کا راستہ بنایا جاسکتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ہونے والے یوتھ کنونشن اسی سلسلے کی ایک کوشش ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے آخر میں کارکنان کی شب و روز کی محنت کے نتیجے میں تاریخی یوتھ کنونشن منعقد ہونے پر حیدرآباد کے تمام کارکنان کو فرداً فرداً شاباشی دی اور انکے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے ایم کیو ایم پاکستان کی امیدیں وابستہ ہیں۔