حیدر آباد میں 200 سے زائد خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، سماعتی آلات تقسیم

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی کاوشوں سے امپاورمنٹ آف پرسنز وتھ ڈس ایبلٹیز اور الاثر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خصوصی افراد کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، جس کا مقصد ان کی فلاح، بااختیار بنانے اور سماجی شمولیت کو فروغ دینا تھا۔

حیدرآباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی کاوشوں سے امپاورمنٹ آف پرسنز وتھ ڈس ایبلٹیز اور الاثر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خصوصی افراد کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،

جس میں 200 سے زائد خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، تھری وہیلر موٹر سائیکلز، بیساکھیاں، سماعتی آلات (ہیرنگ ایڈز) اور موٹرائزڈ وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے الاثر فاؤنڈیشن کے ری ہیبیلیٹیشن اینڈ تھراپی سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی، جاری فلاحی سرگرمیوں اور درپیش انتظامی و مالی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے فاؤنڈیشن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ادارے کی مالی ضروریات، بشمول عمارت کے کرایے، عملے کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی فراہمی کے لیے مخیر حضرات اور ڈونرز کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ مالی وسائل فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ادارے کی خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں۔