حیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، 24 گھنٹوں میں 455 کنکشن پکڑے گئے

139

حیدرآباد۔ 29 جنوری (اے پی پی):حیسکو نے 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری کرنے والے455 کنکشن پکڑ لئے،جن میں سے398 کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمہ درج کرانے کے لیٹر جمع کرادئیے گئے ہیں جس میں 39 ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں جبکہ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 29 ہزار 4 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں، جن کی مالیت 62 لاکھ 13 ہزار 786 روپے ہے۔

وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو انجنیئر بشیر احمدکی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 8 تجارتی اور447 گھریلو تھے۔144 دن سے جاری آپریشن کے دوران کل 10 ارب 48 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے، 27777 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

ترجمان حیسکو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 196ملزمان کو گرفتار کیا گیا،1ملازم کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، 3ملازمین کو بھی گرفتار کیا گیا، 42ملازمین کو معطل کردیا گیا، مجموعی طور 22850 کنکشن کےخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے2ہزار971 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ بجلی چوروں کو اب تک 1کروڑ 67 لاکھ 20 ہزار سے زائد یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 53 کروڑ 58 لاکھ سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ بجلی چوروں کےخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئربشیر احمدان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے حیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔